ایپل آئی پیڈ 4 ،128 گیگا بائٹس ورژن
ایپل نے خلاف توقع آئی پیڈ 4کا نیا ورژن جاری کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔ حیرت کی وجہ سے اس کی ریلیز ہی نہیں بلکہ اس کی قیمت بھی ہے۔
ایپل کے بارے میں بیشتر ناقدین کی رائے کہ وہ اب اپنی مصنوعات میں ظاہری یا عام تبدیلیاں کرکے نئے ورژن کے طور پر پیش کررہا ہے۔ ان مصنوعات میں وہ انقلابی بات نہیں جو اسٹیو جابز کے حیات ہوتے دوران تھی۔
ایپل نے آئی پیڈ کا 128 گیگا بائٹس اسٹوریج کا حامل ورژن جاری کرنے میں تین سال کا عرصہ لگا دیا اور جب اسے جاری کیا تو اس کی قیمت ایسی رکھی گے کہ ایپل کے شائقین بھی تلملا اٹھے ہیں۔ اس کی سیلولر موڈیم کے ساتھ قیمت 930 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے جو 16 گیگا بائٹس ورژن سے 300ڈالر زیادہ ہے۔ اسٹوریج میڈیا کی قیمتیں تیزی سے کم ہورہی ہیں، ایسے میں ایپل کی جانب سے اسٹوریج دگنی کرنے کی قیمت انتہائی زیادہ ہے۔ ایپل ہی کی میک بک ایئر جس میں 128گیگا بائٹس کی اسٹوریج اور Core i5 پروسیسر نصب ہے، کی قیمت گیارہ سو امریکی ڈالر ہے۔
ایپل کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق یہ ورژن 128گیگا بائٹس کی سنگل NAND چپ اسٹوریج کا حامل ہے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں سام سنگ نے بھی 128 گیگا بائٹس کی سنگل NAND چپ جاری کی تھی ۔ یاد رہے کہ ایپل اپنی مصنوعات کے لئے کئی مائیکرو چپس سام سنگ سے خریدتا ہے۔
ایپل پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین کا خیال ہے کہ اس نئے ورژن کا مقصد مائیکروسافٹ سرفس پرو کا مقابلہ کرنا ہوسکتا ہے جو کہ ماہ فروری میں ہی فروخت کے لئے پیش کیا جائے گا اور اس کی اسٹوریج گنجائش بھی 128 گیگا بائٹس ہوگی۔ اس کے علاوہ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ تاحال مارکیٹ میں ایسا کوئی اینڈروئیڈ ٹیبلٹ دستیاب نہیں جس کی اسٹوریج گنجائش 128 گیگا بائٹس ہو۔ البتہ اینڈروئیڈ ٹیبلٹس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ یا دیگر ذرائع سے ان کی گنجائش بڑھائی جاسکتی ہے۔ یہی صورت حال سرفس پرو کے ساتھ بھی ہے جس کی اسٹوریج 128 گیگا بائٹس سے بھی زیادہ کی جاسکتی ہے۔
Comments are closed.